کوئٹہ(خ ن)ملاوٹی دودھ سمیت مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں کاروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے عتیق اللہ خان کی ہدایت پر اس سلسلے میں کوئٹہ شہر و مختلف اضلاع میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مکھن کارخانہ اور جنرل اسٹور سیل جبکہ 30 سے زائد مراکز و پراسیسنگ یونٹس پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق پشتون آباد و سیٹلائٹ ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران ایک مکھن کارخانہ کو صفائی و اسٹوریج کے ناقص انتظامات ، پراسیسنگ میں زیر استعمال اشیاء و سپلائی کا ریکارڈ نہ ہونے ، کیڑے مکوڑوں کی روک تھام کے انتظامات اور حتمی پراڈکٹس کی رجسٹریشن نہ ہونے پر سیل کیا گیا جبکہ جنرل اسٹور اونر کے خلاف زائد المیعادخوردنی مصنوعات اور پابندی عائد گٹکا کی فروخت سمیت مختلف وجوہات پر ایکشن لیا گیا۔ علاوہ ازیں عوام تک خالص و ملاوٹ سے پاک دودھ کی یقینی فراہمی کیلئے اتھارٹی کی جاری کارروائیوں کے دوران طوغی روڈ اور خیزی چوک میں 6 ملک شاپس مالکان کو جرمانہ اور ملاوٹی دودھ کی بڑی مقدار تلف کردی گئی ۔ اسی طرح اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر پرنس روڈ میں 3 ریسٹورنٹس ، انڈسٹریل ایریا مشرقی بائی پاس میںایک املی کارخانہ ، ایک چنا پراسیسنگ پلانٹ اور 2 جنرل اسٹوز کے خلاف ایکشن لیا۔ مزید برآں ایکسپائرڈ و پابندی عائد اشیاء کی فراہمی پر تربت اور خضدار میں 10 جنرل اسٹورز مالکان پر جرمانے عائد جبکہ زائد المیعاد مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی ۔ حب میں متفرق کھانے پینے کے مراکز و فیکٹری کینٹینز کی چیکنگ کرتے ہوئے بی ایف اے زونل ٹیم نے الگ الگ وجوہات پر ایک کینٹین اور ایک جنرل اسٹور کے خلاف کارروائی کی ۔