سیول ( نیوز ڈیسک) جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں نومبر کے دوران سب سے زیادہ برف باری کا ریکارڈ بن گیا۔ خراب موسم کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔متعددعلاقوں میں بجلی بند ہوگئی اور سیکڑوں پروازیں معطل کردی گئیں ۔ حکام نے آنے والے دنوں میں مزید برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کے مشرق میں شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے،جب کہ تیز ہواؤں کی وجہ سے عمارتوں اور زیر تعمیر انفرا اسٹرکچر کا ملبہ گرنے سے بھی کچھ راہ گیر زخمی ہوئے۔ موسم پر نظر رکھنے والی ایجنسی کے مطابق شمال مغرب سے آنے والی ٹھنڈی ہوا نے بارش کو رات کے دوران برف میں تبدیل کر دیا،جس سے زمین پر 7.1 انچ برف کی تہ جم گئی۔ یہ 1907 ء میں ریکارڈ رکھنے کی شروعات کے بعد سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ وزارت داخلہ نے تباہی سے نمٹنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج 5 سینٹی میٹر فی گھنٹہ تک برف باری کا امکان ہے۔ وزارت داخلہ نے خبردار کیا کہ برف میں نمی کی زیادہ مقدار ہونے کی وجہ سے تنصیبات اور املاک کو نقصان پہنچنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔ خراب موسم کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر 200 سے زیادہ پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جن میں سے زیادہ تر پروازیں اندرون ملک کی تھیں ۔ خراب موسم کی وجہ سے جزیروں پر خدمت فراہم کرنے والی 70 فیری سروسز کو معطل کر دیا گیا۔ سیول میں طوفانی ہواؤں سے درخت اور کھمبے گرنے کے باعث ہزاروںگھروں کی بجلی منقطع ہوگئی۔