• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیلم کوٹھاری غیر متوقع سوال پر حیران، حاضرین کے قہقہے گونج اٹھے


بھارتی فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ اور نیٹ فلکس کے مشہور ریئلیٹی شو کی ہوسٹ نیلم کوٹھاری سونی سے نمائندہ جنگ نے ایسا سوال پوچھ لیا جس نے لمحہ بھر کےلیے ماحول کو حیرت اور قہقہوں سے بھر دیا۔

امریکا کے شہر ڈیلس میں ایونٹ کے دوران جب نیلم کوٹھاری سونی سے سوال کیا گیا کہ 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران آپ پر ساتھی اداکاروں سلمان خان، سیف علی خان، سونالی باندرے اور تبو کے ساتھ کنکنی میں دو کالے ہرنوں کے غیر قانونی شکار کا الزام عائد کیا گیا تھا، تاہم 5 اپریل 2018 کو جودھپور کی سی جے ایم عدالت نے آپ کو بری کر دیا۔ 

اس تجربے نے آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو کس طرح متاثر کیا اور آپ نے اس مشکل وقت سے کیا سبق سیکھا؟

سوال سن کر نیلم کوٹھاری پہلے حیران ہوئیں اور ہلکے پھلکے انداز میں بولیں’’بھائی صاحب، یہ ماحول…!‘‘ یہ جملہ سنتے ہی حاضرین ہنس پڑے، جس پر انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید کہا: ’’اچھا سوال ہے، لیکن شاید یہ موقع مناسب نہیں ہے۔‘‘

بعدازاں، انہوں نے خوش اخلاقی سے صحافی کے ساتھ تصویر بنواتے ہوئے معذرت کی اور کہا: ’’معاف کیجیے گا، میں آپ کے سوال کا جواب نہیں دے سکی۔‘‘ اس پر صحافی نے مسکراتے ہوئے کہا: ’’ہم سوالات کے ذریعے خبر نکالتے ہیں اور سوال کرنا ہمارا کام ہے، جبکہ جواب دینا یا نہ دینا آپ کی مرضی پر منحصر ہوتا ہے۔

یہ لمحہ ایونٹ کا یادگار حصہ بن گیا اور نیلم کوٹھاری کی خوش مزاجی اور پیشہ ورانہ رویے نے حاضرین کا دل جیت لیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید