اسلام آباد (نیوز ایجنسی) وزیردفاع خواجہ آصف نے9مئی اور24نومبر کی بغاوتوں کے احتساب کی ضرورت پر زور دیتے ہوے کہا ہے کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو مستقبل کیلئے نئی سازشوں کا دروازہ کھل جائیگا۔ 9مئی کا قصہ بہت پہلے تمام ہوچکا ہوتا اگر اس وقت عدالتی سرپرستی نہ ملی ہوتی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوے انہوں نے کہا کہ جن کو بری ہونا تھا وہ بری ہوگئے جن کو سزا ہونا تھی وہ رہ گئی۔ بدقسمتی سے اس وقت عدلیہ ایک پارٹ بنی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تحقیقات کا مطالبہ پہلے بھی کیا ہے تاہم میرے خیال میں تمام شواہد موجود ہیں۔ ٹی وی پروگراموں میں بھی ان کی موجودگی کے سارے ثبوت موجود ہیں تو ان کو اب تحقیقات کیا کروانی ہے۔ پی ٹی آئی عدلیہ سے وہی سرپرستی چاہتی ہے جو نو مئی کے بعد ان کو ملی تھی۔پاکستان زرمبادلہ بھیجنا بند کرنے کے عمران خان بیان پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ چند سو یا چند ہزار افراد کی بات نہیں۔ 65 لاکھ سے زائد پاکستانی توسعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہی موجود ہیں۔ لوگ وطن سے وفا داری کو عمران خان کے اوپر ترجیح دیں گے۔