مانچسٹر(نمائندہ جنگ)آئرلینڈ سے سرحد عبور کر کے برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے سیکڑوں تارکین وطن کو حراست میں لے گیا۔انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ چھوٹی کشتیوں پر غیر قانونی طریقے سے لوگوں کو برطانیہ پہنچانے کیلئے ہزاروں پاؤنڈز وصو ل کرتا ہے۔ شمالی آئرلینڈ سے برطانیہ پہنچنے کیلئے لوگ مختلف ذرائع استعمال کرتے ہیں، انسانی اسمگلرز کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا گیا جس میں مختلف ملکوں کی سیکورٹی ایجنسیاں شامل تھیں،تین روزہ آپریشن میں آئرلینڈ اور برطانیہ سے وسیع پیمانے پر گرفتاریاں دیکھنے میں آئیں، بیلفاسٹ ہوائی اڈے پر روانگی سے قبل افسران نے ایک مشکوک شخص کو چیک کیاتو انکشاف ہوا کہ وہ جعلی پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا۔ہوم آفس امیگریشن انفورسٹمنٹ انسپکٹرجوناتھن ایونز نے کہا کہ یہ آپریشن بڑی کامیابی ہے اور واضح پیغام ہے کہ ہمارے قوانین کو توڑنے والے اسمگلنگ گروہوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا، پولیس، نیشنل کرائم ایجنسی اور بین الاقوامی ہم منصبوں کے شراکت داروں پر بھی اس کام کو انجام دینے میں ان کی محنت اور تعاون کیلئے ناقابل یقین حد تک فخر ہے۔