• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شامی سفیر نے دمشق میں انتظامیہ کی تبدیلی کیساتھ مفاہمت کرلی

اسلام آباد (صالح ظافر) شام کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رمیز الراعی نے دمشق میں انتظامیہ کی تبدیلی کے ساتھ مفاہمت کرلی اور کہا ہے کہ ہم اب شام میں ایک نئے مرحلے میں ہیں اور مجھے پوری امید ہے کہ اس کے نتیجے میں شام مستحکم، محفوظ، خوشحال اور متحد ہوگا۔ یہ بھی واضح کیا کہ شام کو ترکی کی حکومت اور عوام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

 نئی انتظامیہ ان کی بھلائی، سلامتی اور استحکام کے لیے کام کرے گی۔ میڈیا سے مختصر گفتگو میں سفیر کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں جانتا کہ سابق صدر بشار الاسد کہاں ہیں لیکن ایک بات کی تصدیق ہو گئی ہے کہ وہ شام میں نہیں ہیں کیونکہ وہ ہفتے کی نصف شب کے بعد ملک چھوڑ گئے تھے۔

 اتوار کی شام تک سفیر کو معلوم نہیں تھا کہ بشار کسی دارالحکومت پہنچ گئے ہیں۔

 شامی ایلچی نے یہ بھی واضح کیا کہ شام کو ترکی کی حکومت اور عوام سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ 

شامی عوام ہمیشہ پاکستان سمیت امت مسلمہ اور برادر مسلم عوام کی بھلائی کے لیے دعا گو ہیں۔ 

سفیر ڈاکٹر رمیز نے کہا کہ شام کے وزیر اعظم اب بھی دمشق میں موجود ہیں اور وہ ملک میں عام انتخابات کا انتظام کریں گے۔ 

شام میں صدارتی انتخابات بھی ہوں گے۔ سفارتی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ دمشق کا اپوزیشن کے ہاتھوں اچانک زوال دنیا بھر کے دیگر لوگوں کی طرح شامی سفارت کاروں کے لیے بھی حیران کن ہے ۔

 وہ اپنے ہیڈ کوارٹر سے رابطے میں ہیں۔ شام کے لیے پاکستان کے سفیر ایئر مارشل شاہد اختر علوی نے دفتر خارجہ کو شام میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

 دمشق میں پاکستانی مشن کی جانب سے بھیجے گئے مراسلوں نے اس ملک کی صورتحال کی تفصیلی تصویر کشی کی ہے۔ مراسلوں نے تجویز دی کہ شام میں موجود پاکستانی اور سفارتی عملہ محفوظ ہے۔ خوف اور بے یقینی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

 اپوزیشن کی جیت پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس دوران ذرائع نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں شام کے ایلچی ڈاکٹر رمیز ایک کیریئر ڈپلومیٹ ہیں جو اپنے ملک میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ وہ انتظامیہ اور اپنے ملک کا وفادار ہے۔

اہم خبریں سے مزید