پشپا 2 کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے بھی اداکار الو ارجن کے ٹیلنٹ کی تعریف کی اور کہا کہ آپ ہمیں اسی طرح متاثر کرتے رہیے۔
الو ارجن کی فلم پشپا: دا رول باکس آفس پر دھواں دھار کاروبار کر رہی ہے، جہاں مداح تیلگو اداکار کی تعریفیں کرتے نہیں تھک رہے، وہیں بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے بھی انکے لیے تعریفی کلمات کہہ دیے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک صارف نے الو ارجن کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ امیتابھ بچن کی تعریف کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں امیتابھ بچن سے متاثر ہوں۔ انکا فلمی کیریئر طویل عرصے پر محیط ہے۔ میں اپنے ملک کے اس میگا اسٹار کو سراہنا چاہتا ہوں کیونکہ ہم انکی فلمیں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں۔‘
الو ارجن نے یہ بھی کہا کہ ’میں ابھی بھی سوچتا ہوں کہ جب میں امیتابھ بچن کی عمر کو پہنچ جاؤں گا تو کیا میں اُس وقت بھی ایسی عمدہ اداکاری کر پاؤں گا جیسی امیتابھ کرتے ہیں۔ مجھے اتنی ہی اچھی اداکاری کرنی چاہیے جیسی امیت جی کرتے ہیں۔‘
اس ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے تحریر کیا، ’آپ کے ان پیارے الفاظ کا شکریہ الو ارجن جی۔ آپ نے میرے لیے اس سے بھی زیادہ کہا جتنے کا میں مستحق ہوں۔ ہم سب ہی آپ کے کام اور صلاحیت کے مداح ہیں۔ آپ ہمیں اسی طرح اپنے کام سے متاثر کرتے رہیں، ہم آپ کےلیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔