روم( نیوز ڈیسک)اٹلی میں ایک عیسائی راہبہ کو بدنام زمانہ مافیا خاندان سے تعلق رکھنے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔شمالی اٹلی سے تعلق رکھنے والی ایک معزز عیسائی راہبہ اینا ڈونیلی کو حال ہی میں Ndragheta نامی مافیا خاندان کے ساتھ تعلقات کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔57 سالہ اینا ڈونیلی ایک معزز راہبہ ہیں اور سالانہ میلانی شہری ایوارڈ گولڈن پنیٹون کی وصول کنندہ ہے۔ یہ ایوارڈ انہیں جیلوں میں اور میلان، روم اور بریشیا جیسے شہروں کے شورش زدہ مضافات میں رضاکارانہ کام کرنے پر دیا گیا تھا، لہٰذا انکی گرفتاری سے پورے اٹلی کو دھچکا پہنچا ہے۔سسٹر اینا اور 24 دیگر افراد کو بریشیا میں ʼ Ndraghetaʼ سے تعلقات کی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس یہ یقین کرنے کی ٹھوس وجوہات ہیں کہ راہبہ ایک طویل عرصے سے جرائم پیشہ افراد کے خاندان کے ساتھ کام کر رہی تھی۔کئی جیلوں میں جہاں ندراگھیٹا کے اراکین کو رکھا گیا تھا، راہبہ پر شبہ ہے کہ وہ ان قیدیوں اور خاندان کے رہنماؤں کے درمیان رابطے میں سہولت فراہم کرتی ہیں۔