کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجاسروے چوک کے قریب سریاب روڈکو ٹائر جلا کرہرقسم کی ٹریفک کیلئے کردیا۔ مظاہرین کا کہناتھا کہ کوئٹہ شہر اورگردونواح میںسردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے شدید سردی کے باعث بوڑھے ،بچے اور خواتین بیمار پڑنے لگے ہیں اور گھریلو خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی کی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گیس نہیں ہے تو دوسری طرف شہریوں کو بھاری بل بھجوائے جارہے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مجبور ہوکر ہم نے سریاب روڈ کو ٹائر جلاکرہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کیا ہے اگر پھر بھی مسئلہ حل نہیں ہوگا تو سوئی سدرن گیس آفس کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہونگے۔ سریاب روڈ ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند ہونے کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں اورشدید سردی میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔