• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریکِ انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے: وزیرِ اطلاعات

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ— فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ— فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف صحافیوں کو آن لائن ہراساں کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس مذموم مہم کا مقصد صحافیوں کو نقصان پہنچانا ہے، پی ایف یو جے نے بھی صحافیوں کی آن لائن ہراسمنٹ کی مذمت کی ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی یہ ٹارگٹڈ کمپین ہے، سوشل میڈیا پر صحافیوں پر حملے کرنے والے کسی ایک شخص کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا، ایک ٹولہ پیدا کیا گیا ہے جس کی کوشش ہے کہ لوگوں کے گھروں تک جائے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بچوں کی تفصیلات اور ان کے ایڈریس شیئر کر کے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان عناصر کے خلاف اب فیصلہ کُن کارروائی ہو گی، انہیں گرفتار کر کے عوام کے سامنے لا کھڑا کریں گے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہمیں پتہ ہے یہ چاہتے ہیں کہ ملک میں انتشار ہو اور دیگر ممالک اس کا فائدہ اٹھائیں۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ میرا سوال وہی ہے کہ ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی؟ پہلے ہی کہا تھا کہ آپ میں گراؤنڈ پر مقابلہ کرنے کی سکت نہیں، ان کے پاس اس کا جواب نہیں کہ ڈی چوک سے دوڑ کیوں لگائی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تقسیم اور اختلافات کا شکار ہے، کے پی میں ان کے ارکان نے کہا کہ سول نافرمانی کی کال درست نہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ کل ہم جن علماء کے ساتھ بیٹھے وہ 18ہزار مدارس کی نمائندگی کرتے ہیں، مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق ایسا حل چاہتے ہیں کہ طلباء کا نقصان نہ ہو۔

قومی خبریں سے مزید