اسلام آباد (رانا غلام قادر) ملک کے 26 اضلاع میں متروکہ وقف املاک بورڈ کی جائیدادوں کے کرایہ کی مد میں ایک ارب70 کروڑ 10لاکھ روپے کے واجبات کی وصولی نہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ بورڈ نے تمام ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کو حکم دیا ہے کہ ڈیفالٹرز سے واجبات کی ریکوری کی جائے اور پراگریس رپورٹ ہیڈکوارٹر کو بھیجی جائے۔ ڈپٹی سیکرٹری پراپرٹی حسن امتیاز نے اس ضمن میں گزشتہ روز باضابطہ آفس میمورنڈم تمام ایڈمنسٹریٹرز اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹرز کو بھیجا ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے مالی حسابات کے آڈٹ کے بعد آڈٹ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ایک ارب 70 کروڑ 10 لاکھ روپے (1701 ملین روپے)کے واجبات کی وصولی نہیں کی گئی۔ انہوں نے 5 دن کے اندر پراگریس رپورٹ طلب کی ہے۔