اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کےسابق برادر نسبتی اور جمائما گولڈ اسمتھ کے بھائی زیک گولڈ اسمتھ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اور کہا کہ میں کبھی پاکستان کی سیاست میں ملوث نہیں ہوا اور نہ پاکستانی سیاست میں کسی کو رقم دی گزشتہ روز خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ آپریشن گولڈ سمتھ کے ریکروٹ جہاں بھی موجود ہیں وہ عمران خان کو رہائی دلانے کے لیے پاکستان کے مفادات کے خلاف بھر پور مہم چلا رہے ہیں، ان عناصر کو اسرائیل کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور وہ میڈیا میں تواتر کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان ایک اسرائیلی اثاثہ ہیں جس کے ذریعے وہ واحد مسلمان ایٹمی قوت کو خدا نخواستہ سر نگوں کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کے لیے مغربی دنیا میں جو چند آوازیں اٹھ رہی ہیں ان پر یہ واضح ہونا چاہیئے کہ ہم پاکستانی قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتے ہیں، ہماری اول اور آخر ترجیح صرف اور صرف پاکستان ہے۔