اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وبا سے بچاؤ کی تیاری کے عالمی دن پر، پاکستان صحت کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اجتماعی تیاری کی اہمیت پر زور دینے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔یہ دن ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ پوری دنیا میں وبائی امراض کے مقابلے کے لیے تعاون اور احتیاطی تدابیر پر فوری عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ وبا سے بچاؤ کی تیاری کے عالمی دن 2024 پر وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ COVID-19 کی وبا نے عالمی برادری میں صحت اور بہبود کے تحفظ کے لیے مستقل عزم اور کوشش کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ متعدد صحت کے چیلنجوں کے باوجود، پاکستان کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام نے پائیدار ی کا ثبوت دیا اور ہمارے صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی انتھک لگن سے ہزاروں زندگیاں بچ سکیں ۔پاکستان میں ہمارے تربیت یافتہ فیلڈ پروفیشنلز کی مہارت کے ذریعے صحت عامہ کے خطرات سے نمٹا جا رہا ہے۔