کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ادارہ صحت برائے اطفال میں طبی و نیم طبی عملے کی نا اہلی کے باعث انتقال کرنے والے ایک بچے کی میت ایک اور فیملی کے حوالے کردی جن کا بچہ زندہ تھا، جس سےبچوں کے اہل خانہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ذرائع کے مطابق فیملی جب لاش لے کر گھر پہنچی تو معلوم ہوا کہ وہ ان کے بچے کی نہیں ہے۔ دوسری جانب وہ فیملی جس کا بچہ انتقال کر گیا تھا اسپتال میں اپنے بچے کی تلاش میں پریشان رہی جس پر اہل خانہ نے احتجاج کیا اور اسپتال انتظامیہ حرکت میں آئی۔ اس دوران سنگین غلطی کا انکشاف ہوا کہ انتقال کرنے والے بچے کی لاش غلطی سے روانہ کر دی گئی ہے۔اسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر بچے کی لاش کو واپس لانے کے اقدامات کئے۔ اس موقع پر پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا۔