لاہور(خالدمحمودخالد)بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع فتح پور کے علاقہ لالہ اولی میں ضلعی انتظامیہ نے 185سال پرانی اور تاریخی نوری جامع مسجد کا ایک حصہ شہید کر دیا ہے۔ اور کہا ہے کہ مسجد کا یہ حصہ ھائی وے پر تجاوزات کے زمرے میں آتا تھا۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ 20میٹر کا شہید کیا جانے والا حصہ غیر قانونی طور پر دوتین سال قبل بنایا گیا تھا۔ نوری مسجد مینجمنٹ کمیٹی نے الزام لگایا کہ مسجد انتظامیہ اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا جس کی وجہ سے مسجد کا ایک حصہ شہید کیا گیا۔ یہ مسجد 1839 میں تعمیر کی گئی تھی جبکہ مسجد کے باہر سڑک 1956میں بنائی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے پہلے مسجد کے باہر دکانیں گرائیں اور اب مسجد کا ایک حصہ شہید کردیا جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔