مانچسٹر (علامہ عظیم جی) مسلم لیگ ن پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان اب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، ملک سابقہ حکومت کی غلطیوں کی وجہ سے ڈیفالٹ کے کنارے پر کھڑا تھا لیکن اب درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور دنیا میں پاکستان خوشحال ملک کے طور پر جانا جا رہا ہے، پاک افواج ملک کی سلامتی کیلئے لازم و ملزوم ہیں، افواج کے جوان اور افسران ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، پاک افواج کے خلاف ہرزہ سرائی اور بیجا پروپیگنڈا کرنے والے ملک دشمنی کر رہے ہیں، انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن برطانیہ نارتھ ویسٹ کے اجلاس میں رہنماؤں نے کیا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن برطانیہ کے سابق صدر اور مرکزی رہنما زبیر گل، یوکے کے موجودہ صدر احسن ڈار بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔ اس موقع پر زبیر گل نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب خوشحال ملک بن رہا ہے اور ملک میں انقلابی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں، بیرون ملک سے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور اس وقت پاکستان جنوبی ایشیا کے خطے میں اپنی نمایاں حیثیت برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گیا ہے انہوں نے کہا کہ بعض ناقبت اندیش بیرون ملک رہنے والے پاکستانی مختلف سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے باعث پاکستانی افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں ، پاک افواج ملک کی سلامتی کے خلاف دہشت گروں سے ہم وطنوں کو محفوظ رکھنے کیلئے جانیں قربان کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم ان مخالفین کوبھی محبت کے ساتھ قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان خوشحال ترین ملک بنے گا اور پاکستانی عوام باہم مل کر اس ملک کو دنیا کا خوبصورت ملک بنائیں گے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ملک کی ترقی خوشحالی کیلئے شب و روز کوشا ں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں قلیل عرصے میں مثالی ترقیاتی اور عوام کی فلاح و بہبود کے کام سر انجام دیئے ہیں، پاکستان کا مستقبل خوش آئند ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ برطانیہ کے صدر احسن ڈار نے کہا کہ مسلم لیگ ن برطانیہ کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر موجود ہے، چونکہ ہم حکومت میں ہیں اس لیے ہم کسی قسم کے مظاہروں یا اپنی طاقت دکھانے کیلئے سڑکوں پر نہیں آرہے ہیں اور نہ ہی منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کے ساتھ الجھ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے مسلم لیگ ن نے ہمیشہ آواز بلند کی اور اب بھی اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بہترین منصوبہ بندی کر رہی ہے۔راچڈیل کے برٹش پاکستانی امجد ملک کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے سلسلے میں وائس چیئرمین مقرر کر کے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی سعی کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ن نارتھ ویسٹ کے صدر راجہ سجاد نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کو خوشحال بنانے کے لیے کوششیں کی ہیں انشاءاللہ بہت جلد ہمارا ملک ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔ یو کے کے رہنما خرم بٹ نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔منارٹی ونگ یو کے، کے صدر چوہدری اظہر اوری نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔مانچسٹر کے صدر نبیل بٹ نے کہا کہ قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ہماری جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن مانچسٹر کےنائب صدر راجہ فرخ ،جنرل سیکرٹری راجہ فیصل جاوید، قمر بھٹی، جنرل سیکرٹری شیراز حیدر، سینئر نائب صدر چوہدری خالد وحید لہری ،حاجی عبدالغفار اختر، محمد آصف اور دیگر رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جلسہ میں نارتھ ویسٹ کے مختلف شہروں سے ائے ہوئے مسلم لیگی کارکنوں نے شرکت کی۔