وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 2018ء میں ایک اناڑی کو پاکستان کی چابی دی گئی۔
نارووال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ کیا گیا اس کا کوئی تصور نہیں کر سکتا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں ملک کی معاشی ترقی روکی گئی، ایک سیاسی جماعت اداروں کے خلاف زہر اگل رہی ہے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ اگر آج وہ اڈیالا جیل میں بیٹھے ہیں تو یہ اللّٰہ کی پکڑ ہے،
انہوں نے کہا کہ مجھے جھوٹے کیس بنا کر جیل میں ڈالا گیا، مہنگائی کی شرح کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آ چکی ہے۔
وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی نے کہا کہ پاکستان کی زراعت ترقی کرے گی تو پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی، زرعی معیشت کی بہتری کے لیے ہمیں دودھ اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانا ہو گا۔
ان کا کہنا ہے کہ کسانوں کو یہ بتانا چاہیے کہ کونسی فصلیں باآسانی برآمد کی جا سکتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ زرخیز زمین کے باوجود ہم گندم امپورٹ کر رہے ہیں جبکہ 2018ء میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تھی تب گندم، چاول اور گنے سمیت مختلف اجناس میں ہم خود کفیل تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس اناڑی نے معیشت برباد کر کے منہگائی کی شرح میں تاریخی اضافہ کر دیا، نواز شریف کی جب حکومت آئی انہیں کام سے روک کر سازش سے نکال دیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ایک آدمی پاکستان کی سیاست میں زہر گھولنے اور نفرت بھرنے والا ہے، پی ٹی آئی والے بتائیں کہ 4 سال کی گورنمنٹ میں آپ نے کیا کیا تھا۔