کوونٹری ( نمائندہ جنگ ) پی ٹی آئی کےکارکن محمد سعید ودیگر کی ن لیگ میں شمولیت پر محمد فیصل اعوان نے ن لیگ کے کارکنان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پرمحمد فیصل اعوان نے ن لیگ سے اپنی گہری وابستگی اور قائد میاں محمد نواز شریف کی خدمات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان اور اداروں کو مضبوط رکھنا ہے اور یہ ہی سوچ ہمارے قائد میاں نواز شریف کی ہے، پاکستان ن لیگ کی قیادت میں ایشیاء کا ٹائیگر بن کر ابھرے گا اور خوشحالی کی طرف راغب ہو گا، پنجاب میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے ،تعلیم، علاج کی سہولیات گھر گھر پہنچائی جا رہی ہیں، مسلم لیگ کی حکومت میں ہر طرف تعمیر و ترقی نظر آ رہی ہے،تبدیلی سرکار نے 4سالہ دور اقتدار کے دوران کچھ نہیں کیا، تبدیلی کا مہاتما آج اڈیالہ جیل میں قید ہے جہاں سے ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے، اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی بجائے پولیس اور رینجرز کا قتل ہوا ہے،2014میں بھی دھرنا اور سول نافرمانی کی کال دی گئی تھی اور آج بھی یہ اپنے تخریبی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔فیصل اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہ کرے جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی وہ2018 میں اس ملک پر مسلط کر دیا گیا ۔انھوں نے نے کہا کہ آج ہماری سٹاک مارکیٹ بہتر انداز میں کام کررہی ہے، سرمایہ داروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہاہے، ملکی ترقی کیلئے پاکستان کی دھرتی کو امن سکون اور استحکام دینا ہو گا۔ تقریب میں ن لیگ لائرز ونگ کے صدر محمد شکیل ایڈوکیٹ، چوہدری ریاض نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف پاکستان کے لیے لازم و ملزوم ہیں ، پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ آج عوام کو حقیقت کا اندازہ ہو رہا ہے اور وہ ن لیگ کی طرف آ رہے ہیں جو بڑی تبدیلی ہے ۔تقریب میںُ فیصل اعوان کی ن لیگ کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے قیادت سے اپیل کی گئی کہ وہ ایسے کارکنان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ذمہ داری سونپیں تاکہ مزید بہتر انداز میں کام کیا جا سکے تقریب میں ن لیگ میں شامل ہونے والے کارکنان کو مبارک باد دی گئی۔ تقریب میں کونٹری سٹی کونسل کے کیبنٹ ممبر کامران کین، ڈاکٹرز، سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔