• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ نے انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔

مراد علی شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ انسدادِ پولیو میں حکومت کا ساتھ دیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سب اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں، شہید بےنظیر بھٹو نے اپنی بیٹی آصفہ بھٹو کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں انسدادِ پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی، اس سال رپورٹ ہونے والے پولیو کے 63 کیسز میں سے 17 کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ اس سال کی آخری پولیو مہم ہے، مہم کے دوران ایک کروڑ 6 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، کوئی بچہ ویکسین سے رہ نہ جائے۔

اُنہوں نے بتایا کہ 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے، پولیو ٹیموں کی حفاظت کےلیے 15 ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیو سے متاثرہ بچوں سے بھی ملاقات کی۔

اُنہوں نے آج کے دن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کے شہید بچوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر 5 سال میں این ایف سی ایوارڈ ہونا ہے، جب بھی این ایف سی ایوارڈ ہوگا صوبوں کا شیئر زیادہ ہوگا کم نہیں ہوسکتا۔

اُنہوں نے یہ کچے کے علاقوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے شکارپور، گھوٹگی اور کشمور میں صورتحال بہتر ہوئی ہے، حکومت کی امن و امان سے متعلق گہری نظر ہے۔

صحت سے مزید