ملک بھر میں سال کی آخری انسدادِ پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی۔
محکمۂ صحت سندھ کے مطابق 7 روزہ انسدادِ پولیو مہم 22 دسمبر تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران 1 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 80 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔
انسدادِ پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے لیے 15 ہزار اہلکار تعینات ہوں گے۔
پاکستان میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کے 63 کیسز میں سے 17 کیسز سندھ سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمۂ صحت سندھ نے والدین سے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بار بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے بچوں میں قوت مدافعت مضبوط ہو گی۔
محکمۂ صحت سندھ نے انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے سے رہ جانے والے بچوں کے والدین کو ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
محکمۂ صحت سندھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں پولیو ابھی بھی موجود ہے اس لیے میڈیا، کمیونٹی رہنماؤں اور علماء سے انسدادِ پولیو مہم کی حمایت کی درخواست ہے۔
ڈی ایچ او کے مطابق حیدرآباد میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران 4 لاکھ 836 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ پولیو مہم کے دوران 1565 ٹیمیں حصّہ لے رہی ہیں۔
کندھ کوٹ میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈی ایچ او کے مطابق مہم کے دوران 3 لاکھ 40 ہزار 54 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ڈی ایچ او وسیم شیخ نے بتایا کہ ضلع شکار پور میں بھی آج سے 22 دسمبر تک 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ مہم کے دوران 3 لاکھ 68 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
پنجاب
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ملتان میں آج سے 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ مہم کے دوران 10 لاکھ سے زائد بچوں کو انسدادِ پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب کے ضلع بہاولپور میں بھی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم 16 تا 20 دسمبرجاری رہے گی۔
سی سی او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر عامر بشیر نے بتایا کہ مہم کے دوران 5 سال تک کے 8 لاکھ 24 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 3276 موبائل ٹیمیں، 195 فکسڈ اور 136 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
لودھراں میں بھی 5 روزہ انسدادِ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر لودھراں نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران 3 لاکھ 85 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر لودھراں نے یہ بھی بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے لیے 1553 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
سی سی پی او قاسم علی خان نے بتایا کہ پشاور میں انسدادِ پولیو مہم کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر 4 ہزار 431 پولیس جوان تعینات کیے ہیں۔
ڈی ایچ او ڈاکٹر ولایت کے مطابق ضلع ہنگو میں بھی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے، اس مہم کے دوران 1 لاکھ 7 ہزار 38 بچوں کو قطرے پلائےجائیں گے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ پولیو قطرے پلانے کے لیے 464 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔