• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزار مری زندگی بھر اصولی موقف پر قائم رہے، بی این پی

کوئٹہ(پ ر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی لیبر سیکریٹری موسیٰ بلوچ، سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر و ضلعی صدر غلام نبی مری، پارٹی کے ضلعی سوشل میڈیا کمیٹی کے ممبر میر غلام مصطفیٰ مگسی اور پارٹی کے ضلعی کونسلر ماما دولت خان مگسی نے گزشتہ روز بلوچ قومی تحریک کے سابق جلا وطن رہنماء ملک مزار خان پیر دادانی مری کے انتقال پر ان کے لواحقین سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ یاد رہے کہ ملک مزار خان پیر دادانی مری، بلوچ قومی تحریک اور بلوچستان کے سیاسی و قومی جمہوری جدوجہد کی تاریخ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ جو مسلسل بیس سال تک بلوچ قومی حقوق کے لئے جلاوطن رہے۔ انہوں نے ہر طرح کے مشکل حالات و واقعات کا مقابلہ کیا، انہوں نے اپنی جدوجہد کے دوران ہر قسم کی تکالیف اور اذیتوں کا سامنا خندہ پیشانی سے کیا اور آخر دم تک اپنے اصولی موقف پر کاربند رہے۔ انہوں نے کبھی بلوچ وطن اور بلوچ قومی تحریک کی جدوجہد سے کنارہ کشی اختیار نہیں کی، وہ بلوچ قوم کے خیر خواہ انسان تھے جو ہمیشہ بلوچ قوم اور بلوچستان کے عوام کے جملہ حقوق کی جدوجہد میں آگے رہے۔ ان کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت میں فراموش اور نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے بلوچ نوجوانوں کے لئے ان کا مشن اور نظریہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔
کوئٹہ سے مزید