کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ نصف کراچی آج بھی پانی سے محروم ہے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ کا بیان اپنی نا اہلی اور پیپلز پارٹی کی 16سالہ بدترین حکمرانی کا اعتراف ہے، وزیر اعلیٰ، قابض میئر اور واٹر کارپوریشن کی بدترین کارکردگی و نا اہلی اور شہر میں پانی کے بحران کے خلاف ہفتہ 21دسمبر کو شہر بھر میں 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مختلف کوآپریٹو سوسائٹیز میں من پسند اور غیر متعلقہ ایڈمنسٹریٹر ون کو بٹھا کر رشوت و کرپشن کا بازار گرم اور زمینوں پر قابض مافیا کی سرپرستی کی جا رہی ہے، اس عمل میں لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ، اسسٹنٹ کمشنر اسکیم 33و 45، اینٹی انکروچمنٹ سیل، رجسٹرار کو آپریٹیو سوسائیٹز ملوث ہیں، سندھ میں زمینوں پر قبضے کا سسٹم اب بلوچستان تک پہنچ گیا ہے۔