کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے راستے غیرقانونی طریقے سے پاکستانیوں کے یورپ جانے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 5برسوں میں یورپ جانے کی کوشش میں گرفتار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 90 ہزار سے زائد ہے بلوچستان کے پانچ اضلاع چاغی، واشک،کیچ ،گوادر اور پنجگور کی سرحدیں ہمسایہ ملک ایران سے لگتی ہیں غیر قانونی طور پر ایران جانے کے خواہش مند زیادہ تر افراد ضلع چاغی کا راستے استعمال کرتے ہیں، پچھلی کئی دہائیوں سے بلوچستان کے راستے قانونی اور غیر قانونی طریقے سے ایران اور یورپ جانے کا سلسلہ جاری ہے۔انسانی اسمگلر یورپ جانے کا خواب دیکھنے وا لوں کو بھاری رقوم کے عوض ایران کے راستے یورپ بھجواتے ہیں جو ترکی سے آگے اٹلی، یونان اور دیگر ممالک کا سفر کشتیوں کے ذریعے کرتے ہیں ان میں سے زیادہ تر دشوار راستوں اور موسمی حا لات کے باعث یا تو گرفتار ہوجاتے ہیں یا پھر جان کی بازی ہار بیٹھتے ہیں۔