اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات حافظ منیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے 15 مارچ کو یوم تحفظ ناموسِ رسالت کے طور پر منانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلٰی مولانا محمد حنیف جالندھری کی تجاویز کی مکمل تائید کرتے ہوئے انہیں عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ ناموسِ رسالت کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔