کراچی(اسٹاف رپورٹر)ادارہ ترقیات کراچی کے لینڈ ڈپارٹمنٹ اور ریکوری ڈپارٹمنٹ کے پچاس سے زائد افسران کی پرسنل فائلز سیکریٹریٹ ریکارڈ میں نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری کے ڈی اے کے جاری کردہ 3 لیٹرز کے مطابق لینڈ ڈپارٹمنٹ اور ریکوری ڈپارٹمنٹ کے پچاس سے زائد افسران کی پرسنل فائلز سیکریٹریٹ ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں ان افسران سے کہا گیا ہے کہ دو دن میں فائلیں جمع کروادی جائیں، ورنہ کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ شہر کراچی میں موجود کے ڈی اے کی چوالیس سے زائد اسکیمز میں مکان، پلاٹس اور فلیٹس کے ٹرانسفر اور میوٹیشنز کے کاموں میں کراچی کی عوام کو شکایات رہتی ہیں جبکہ خود ان افسران کی پرسنل فائلز ادارے کے ریکارڈ میں موجود نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر افسران نے خود اپنی فائل ریکارڈ سے غائب کی ہیں۔