لندن/ لوٹن (شہزاد علی) چکسواری میرپور سے متعلق شیفیلڈ سٹی کونسلر شفق محمد کو برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں لائف پیر مقرر کیا گیا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما کی جانب سے نامزدگی کے بعد اس باوقار تقرری کو بادشاہ کی طرف سے باضابطہ توثیق حاصل ہوئی ہے۔ شیفیلڈ سٹی کونسل میں کونسلر شفق محمد کے کردار کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ اس سے قبل لبرل ڈیموکریٹ کیئرز کمیشن کے چیئر کے عہدے پر فائز تھے، جس نے کمیونٹی کی وکالت کے لیے اپنی وابستگی کو واضح کیا۔اور وہ ممبر یورپی یونین بھی رہے۔ اس تقرری پر لبرل ڈیموکریٹ لارڈ قربان حسین نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ لبرل ڈیموکریٹس نے ایک بہترین انتخاب کیا ہے۔ ایک کونسلر، پارٹی ورکر اور گروپ لیڈر کے طور پر شفق محمد کی انتھک محنت، یورپی پارلیمنٹ کے سابق ممبر کی حیثیت سے اپنے تجربے کے ساتھ اس اعزاز کے لیے ان کی اہلیت کو ظاہر کرتی ہے۔ وہ امید کرتے ہیں کہ شفق محمد اپنی خداداد صلاحیتوں سے کام لے ہاوس آف لارڈز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے لبرل پارٹی لوٹن کے کونسلر ادریس لطیف، لوٹن کی سماجی شخصیت بشارت راجہ سمیت متعدد مقامی رہنماؤں نے شفق محمد کی نامزدگی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے جوش و خروش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف انفرادی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے بلکہ ہاؤس آف لارڈز میں کمیونٹی کی نمائندگی کو بھی بڑھاتا ہے۔ لائف پیر بن کر، شفق محمد لبرل ڈیموکریٹ بینر کے تحت ہاؤس آف لارڈز کے اندر اس ممتاز مقام پر فائز ہوگئے ہیں اور وہ قانون سازی کے عمل میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔