• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز: یورپین کمیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ساتھ ’’ایرازمس پلس‘‘ پروگرام کی تقریب

برسلز (حافظ اُنیب راشد ) بلجیم میں سفارت خانہ پاکستان برسلز نے اپنی سائنس ڈپلومیسی کی کوششوں میں اضافے کے تناظر میں یورپین کمیشن اور پاکستان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ ’’ایرازمس پلس‘‘ پروگرام کے حوالے سے ایک تقریب منعقد کی۔ ’’ایرازمس پلس‘‘ پروگرام تعلیم، تربیت، نوجوانوں کے اقدامات، کھیلوں کے فروغ، بین الاقوامی تعاون اور ذاتی ترقی کو فروغ دینے کیلئے یورپی یونین کے پرچم بردار اقدام کا حصہ ہے۔ یہ پروگرام طلبہ، معلمین اور مختلف تنظیموں کو پورے یورپ اور اس سے باہر سیکھنے، پڑھانے اور تحقیق میں مشغول ہونے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ اس معلوماتی سیشن کے دوران سامعین کو خاص طور پر ’’ایرازمس پلس‘‘ کے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں طلبہ اور عملے کے تبادلے کے لیے انٹرنیشنل کریڈٹ موبلٹی (ICM)، اعلیٰ تعلیم میں صلاحیت کی تعمیر (CBHE) اور جین مونیٹ ایکشنز شامل ہیں جب کہ اس معلوماتی سیشن میں ممتاز تعلیمی ماہرین اور پاکستان میں Erasmus+ پروگرامز کے موجودہ شرکاء کی تفصیلی پریزنٹیشنز اور مباحثے شامل تھے۔ اس دوران یورپی کمیشن سے ڈاکٹر جینی لِنڈ ایلماکو نے مسابقتی Erasmus+ پروجیکٹ کی تجاویز کی تیاری اور بین الاقوامی شراکت داریوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ اپنے اختتامی کلمات میں سفارت خانے کے ناظم الامور سید فراز حسین زیدی نے سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعات سے تحقیقی روابط کے ذریعے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ پاکستان کے اسکالرز پچھلے تین سال سے ’’ایرازمس منڈس ‘‘اسکالرشپ کے سب سے زیادہ وصول کنندہ ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو اس معلوماتی سیشن کے دوران ’’ایرازمس پلس‘‘ پروگرام کے بتائے گئے دیگر حصوں سے بھی فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس سیشن میں پاکستان بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے فیکلٹی ممبران اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یورپ سے سے مزید