مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شیخ قیصر محمود نے کہا ہے کہ حکومت کو گوادر میں اوور سیز پاکستانیوں کے لیے ایکسپورٹ پروسسنگ زون قائم کرنا چاہیے تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اپنی سرمایہ کاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کر سکیں۔
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شیخ قیصر محمود نے کہا کہ گوادر بندرگاہ پاکستان کے معاشی مستقبل کی کلید ہے اور اگر اوور سیز پاکستانیوں کو خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ ہمیشہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
عشائیے کی تقریب میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ شیخ قیصر محمود کی پارٹی کے لیے خدمات اور قربانیاں مثالی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ قیصر محمود کی قیادت اوور سیز پاکستانیوں کے لیے مشعل راہ ہے اور انہوں نے جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ شیخ قیصر محمود جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے سر کا تاج ہیں اور ان کی کاوشوں نے پاکستانیوں کے لیے ن لیگ کا پیغام مزید مضبوط کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوور سیز پاکستانی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور حکومت کو ان کے مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔
تقریب میں ن لیگ کے دیگر رہنماؤں، جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔