گلاسگو( طاہر انعام شیخ)برطانیہ میں مسلسل تیز ہواؤں کے باعث ہیتھرو ائرپورٹ نے گزشتہ روز 100 پروازیں منسوخ کردیں جس سے ہزاروں مسافرمتاثر ہوئے۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے پہلے پرواز کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان فیری سروس بھی معطل کردی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ، ناردرن آئرلینڈ، ویلز سمیت شمالی و مغربی انگلینڈ میں رات 9بجے تک تیز ہواؤں کی ییلو وارننگ جاری کردی گئی۔کرسمس منانے کیلئے گھروں سے گاڑیوں پر نکلے ہزاروں افراد کو بھی تیز ہواؤں کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اے اے نے ڈرائیورز کو سڑکوں پر احتیاط سے گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے، فیری کمپنیوں نے آئر لینڈ کے ساحل اور دیگر راستوں پر خدمات معطل کر دی ہیں۔ اس کے ساتھ، اسکاٹ ریل نے کچھ روٹس پر رفتار کی پابندیاں نافذ کی ہیں۔