پیرس (رضا چوہدری) پاکستان اور فرانس کے تعلقات مضبوط ہونے سے پاکستان اور یورپ کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوگا۔ یہ بات جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان بزنس فورم فرانس سردار ظہور اقبال نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بزنس فورم فرانس کے پلیٹ فارم سے ہماری کوشش ہے کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان معاشی اور سماجی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے اسلام آباد میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں خصوصی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور پاکستان کے تعلقات دیرینہ ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں جس سے دونوں ممالک کے سماجی تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے۔