پشاور(جنگ نیوز)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے ڈی آئی خان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1691 کنال اراضی حکومت کو واپس کر ادی۔تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی سے سرکاری اراضی کی غیر قانونی منتقلی کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ شکایت میں سیف الرحمان اور تحصیلدار کلاچی سمیت ریونیو حکام کی ملی بھگت سے 1691 کنال اور 7 مرلہ سرکاری اراضی کی جعلی دستاویزات کے ذریعے منتقلی کے الزامات عائد کئے گئے تھے۔شکایت پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے تفصیلی انکوائری کی جس میں الزامات درست ثابت ہوئے۔ انکوائری میں زمین کی منتقلی میں پٹواری ثناء اللہ، گردآور عتیق اور تحصیلدار کلاچی ملوث قرار پائے گئے۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں اسٹنٹ ڈائریکٹر کرائمز ڈی آئی خان نے اراضی کی بحالی کے لئے متعلقہ ریونیو حکام سے رابطہ کیا جس پر کارروائی کرتے ہوئے ریونیو حکام نے کروڑوں روپے مالیت کی 1691 کنال اور 7 مرلہ اراضی حکومت کے نام بحال کر دی۔ جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔