مانچسٹر(ہارون مرزا)برطانوی ہائوس آف لارڈ کے نومنتخب ممبرشفق محمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ‘ فلسطین میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے یہ ہی میری پارٹی کا بھی موقف ہے۔شفق محمد نے جنگ اور جیوزنیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کی جانب سے ہائوس آف لارڈز کا رکن بننا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین میرے دل کے بہت قریب ہیں ان کی آواز بنوں گا۔ برطانیہ میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے۔ ہاؤس آف لارڈز کا عہدہ سنبھالتے ہی اسلاموفوبیا کی تعریف پر کام کروں گا مسلمانوں کیخلاف نفرت پھیلانے اور فیک نیوز کے حوالے سے حکومت کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو آن لائن سیفٹی ایکٹ کی تعمیل کے لیے موثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ نومنتخب کونسلر ممبر ہائوس آف لارڈ شفق محمد کا تعلق کشمیر کے علاقے چکسواری سے ہے چار سال کی عمر میں وہ برطانیہ آ کر آباد ہوئے۔ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی سے بزنس مینجمنٹ میں ڈگری حاصل کی۔شیفیلڈ میں پاکستان و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد کئی دہائیوں سے آباد ہے جن کے مسائل حل کرانے کیلئے وہ ہمہ وقت متحرک رہتے ہیں۔جب مقامی لوگوں کے مسائل حل کرانے کیلئے کوئی بھی انگلش بولنے اور سمجھنے والا نہیں تھا شفق محمد نے اس کمی کو بخوبی پورا کیا۔ انہوں نے 2004میں پہلی مرتبہ لبرل ڈیموکریٹ کے پلیٹ فارم سے کونسلر منتحب ہو کر عملی سیاست کا آغاز کیا 2008میں کیبنٹ ممبر بنے اور 2011میں پارٹی لیڈر کا عہدہ سنبھالا۔ 2019میں یورکشائر اور ہیمبر سے یورپین پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ۔ بریگزٹ کے بعد 2020 میں شیفیلیڈ کونسل کے اپوزیشن لیڈرکے طو رپر اپنی کمیونٹی کی بھر پو رخدمت کی وہ مختلف طبقات میں یکساںمقبولیت رکھتے ہیں ۔