• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیف بیزوس کی 600 ملین ڈالرز کی شادی کی حقیقت سامنے آ گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

معروف امریکی ملٹی نیشنل کمپنی ایمیزون کے مالک جیف بیزوس نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے اپنی شادی کے حوالے سے کیے گئے دعوے پر اپنا ردِعمل ظاہر کر دیا۔

کچھ روز قبل برطانوی اخبار ڈیلی میل کی ایک خبر میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جیف بیزوس اپنی منگیتر لورین سانچیز کے ساتھ 28 دسمبر کو امریکی ریاست کولوراڈو کی میونسپلٹی ایسپن میں شادی کرنے والے ہیں اور اس شادی کے لیے کروائے گئے انتظامات پر 600 ملین ڈالرز کا خرچہ کیا گیا ہے۔

جیسے ہی یہ خبر ڈیلی میل نے شائع کی تو کچھ ہی دیر میں یہ دیگر ویب سائٹس پر بھی پھیل گئی۔



  

اس خبر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد امریکا کے امیر ترین افراد میں شامل بل آکمین نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں یہ سوال کیا کہ کسی بھی شادی پر اتنا زیادہ خرچہ کرنا صرف اسی صورت میں سمجھ میں آئے گا جب شادی میں آئے ہر مہمان کو تحفے میں ایک گھر دیا جائے۔

جیف بیزوس نے بل آکمین کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈیلی میل کی رپورٹ میں اپنی شادی کے حوالے سے شائع کی گئی تمام تر تفصیلات کی تردید کر دی۔

اُنہوں نے ڈیلی میل کی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو کسی بھی طرح کی معلومات شائع کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ جیف بیزوس نے جنوری 2019ء میں اپنی 25 سالہ شریک حیات سے طلاق کے بعد گزشتہ سال مئی میں معروف امریکی صحافی لورین سانچیز سے منگنی کی تھی۔

خاص رپورٹ سے مزید