کراچی ( اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے سال نو کے موقع پر پیٹرول کی قیمت میں 2روپے کی کمی کو عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق قراردیتے ہوئے حکومت سے کہاکہ جب عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت فوراً اضافہ کردیتی ہے لیکن جب عالمی حالات کی وجہ سے کمی واقع ہوتی ہے تو حکومت اس کا براہ راست فائدہ عوام کو نہیں پہنچاتی۔منعم ظفر خان نے اپنے بیان میں مزیدکہاکہ پیٹرول کی قیمت میں 2روپے کے بجائے 50فیصدکمی کا اعلان کیا جائے، اخباری اطلاعات کے مطابق عوام سے 808ارب پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا انکشاف ہوا جس میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر60روپے کے حساب سے لیوی عائد ہے اور یہ وصولی جنوری سے ستمبر کے دوران کی گئیں، 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ 808 ارب 14کروڑ روپے کی وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے اور سال کے اختتام تک پیٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔