کراچی( اسٹاف رپورٹر ) اہلسنّت والجماعت نے کراچی میں تین دن سے جاری دھرنے مؤخر کردئیے، مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی ، مولانا رب نواز حنفی ،سید محی الدین شاہ الحسینی،ترجمان کراچی عمرمعاویہ اور دیگر نے لسبیلہ چوک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے دھرنوں کی آڑ لے کر سیاست کی کوشش کی تو اس کو ہمارا سامنا کرنا ہوگا، معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ موجود ہوں گے، ہم ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرم ایجنسی کو اسلحے سے پاک فوجی آپریشن کیا جائے تاکہ امن قائم رہے ، کرم ایجنسی کے بگن، پارا چنار، بشیرہ گاؤں میں امداد فراہم کی جائے ، ہم نے کراچی والوں کو اذیت میں نہیں رکھا، ہم نے کراچی والوں کو دھرنوں سے تنگ ہونے کی وجہ سے شہر میں احتجاجی دھرنے دیئے ، ہمارے دھرنوں کا مقصد پارا چنار کرم کا مسئلہ تھا ہمیں یہ سوچنا چاہیے کہ کرم میں ظالم کون اور مظلوم کون ہے ،کرم ایجنسی میں تین سب ڈویژن ہیں ، دو سب ڈویژن میں اہل سنت برادری کی بڑی تعداد موجود ہے، آج تک اپر کرم میں فوجی آپریشن نہیں ہوا، بشیرہ گاؤں میں ہمارے کانوائے پر حملہ کیا گیا،بگن گاؤں کو جلا اور لوٹا گیا، صحافیوں کو دعوت دیتا ہوں آئیں میرے ساتھ کرم ایجنسی چلیں ،ہمارا مطالبہ ہے کہ پورے کرم ایجنسی میں فوجی آپریشن کیا جائے۔