• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سجاول: پولینڈ کے سیاح جوڑے سے فون چھیننے والے ملزمان گرفتار نہ ہوسکے

تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا
تصویر بشکریہ غیرملکی میڈیا

سجاول میں پولینڈ کے سیاح جوڑے سے فون چھیننے والے ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

پولیس کے مطابق وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس پر ٹھٹہ اور سجاول کے انچارچ ڈی آئی بی کو  معطل کر دیا گیا ہے۔

سجاول میں بائی پاس کے مقام پر غیر ملکی سیاحوں سے رہزنی کی واردات کے معاملے کا وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ، وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء لنجار، وزیرِ ثقافت و سیاحت ذوالفقار علی شاہ اور ڈی آئی جی حیدرآباد کے نوٹس لینے اور ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایات کے باوجود ملزمان کا سراغ نہیں مل سکا ہے۔

دوسری جانب پولینڈ سے تعلق رکھنے والے متاثرہ سیاح جوڑے نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ ہم اپنی سائیکلوں پر سوار سجاول میں جا رہے تھے کہ بائیک پر لوگ آئے جنہوں نے گن پوائنٹ پر ہم سے فون چھین لیے اور ہماری تلاشی بھی لی۔

سیاح نے کہا کہ مقامی افراد کی مدد سے پولیس کو اطلاع دی جس کے کچھ دیر بعد پولیس اور ایس ایس پی آ گئے، پولیس نے ہمیں سپورٹ کیا، رہائش دی اور دوسرے فون بھی دیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پولیس کی کارکردگی سے خوش ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا کی سیر پر نکلے ہوئے پولینڈ کے سائیکلسٹ جوڑے کو 29 دسمبر کو دن دیہاڑے سجاول تا بدین بائی پاس پر ڈاکوؤں نے  لوٹ لیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید