کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم پرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، تاہم لوگوں کو تکلیف ہوگی تو دور کرنا ہماری ذمہ داری بنتی ہے، دھرنوں کے خلاف کارروائی کرنے جا رہے ہیں، کچھ لوگ ناراض ہوں گے۔سید مراد علی شاہ نے ٹھٹھہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پارا چنار واقعہ پر ہم سب غمزدہ ہیں، پارا چنار کے معاملے پر سندھ حکومت نے بھی کردار ادا کیا ہے، حکومتِ سندھ کی طرف سے پارا چنار امداد بھیجی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ پرامن دھرنوں کے خلاف نہیں ہیں، حکومت رات گئے تک دھرنے والوں سے مذاکرات کرتی رہی، کہا گیا کہ ایک جگہ دھرنا دیں، پارا چنار مسئلے کا حل ادھر ہی ہونا ہے۔انہوں نےبتایا کہ ہاں نہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ صبح تک دھرنے ختم کر دیں گے، 8 جگہوں پر دھرنے ختم ہو گئے ہیں، 4 جگہوں پر دھرنے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ترقی کا سفر جاری ہے اور جاری رہے گا، ٹرانسپورٹ مسائل پر سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں، ہر آدمی اپنا اپنا حصہ ڈالے تو حکومت کے ہاتھ مضبوط ہوں گے۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ ہاو س سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے منگل کو جھرک کے قریب کے بی فیڈر کی لائننگ کا جائرہ لیا۔ وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر آبپاشی جام خان شورو اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر زکواۃ، عشر و اوقاف ریاض شاہ شیرازی ، ایم این اے ایاز شاہ شیرازی، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو اور دیگر نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے وفاق اور سندھ حکومت کے اشتراک سے بننے والے کے بی فیڈر منصوبے پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے، امید ہے اس سال کے آخر تک 40 فیصد کام مکمل ہوجائےگا۔ْ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کے 4 واٹر سپلائی پروجیکٹ فیز 1 کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کےلیے 510 کیوسک کے کینال کی لائننگ کی جا رہی ہے۔ آئندہ سال مکمل ہو نے پر کے بی فیڈر سے کراچی کو 260 ملین گیلن پانی یومیہ ملےگا جس سے شہر میں پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملےگی۔۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ مکمل ہونے سے طویل عرصےسے پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے کراچی کی صورتحال میں تیزی سے بہتری کی امید ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کلری بگھار ( کے بی ) فیڈر پروجیکٹ شہر کو پانی کی سپلائی بڑھانے کا اہم منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ اور وفاقی وزارت آبی وسائل کے مشترکہ منصوبے کے بی فیڈر پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔ 2025 کے آخر تک منصوبے کا 40 فیصد مکمل ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کینال کی لائننگ اور پشتے مضبوط کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ 510 کیوسک کے کینال سے کے 4 منصوبے کے پہلے مرحلے کی ضروریات کےلیے کافی مقدار میں پانی دستیاب ہوگا۔ آئندہ سال جب کے بی فیڈر مکمل ہوگا تو کراچی کو 260 ملین گیلن اضافی پانی روزانہ سپلائی کیا جائےگا۔ کے بی فیڈر سے پانی کینجھر جھیل سے سپلائی کیا جائےگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے بی آر ٹی بس سروس کو پورے سندھ میں توسیع دینے کا اعلان کیا۔ دریں اثنا ءحب ڈیم اور حب کینال کی تعمیر اور بحالی کے کام کا معائنہ کرنے کےبعد میڈیا سے بات کرتے ہوئےوزیراعلیٰ سندھ کا کہناتھاکہ دفتر میں بیٹھ کر پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد حب کینال کی سائٹ پر آ کر جائزہ لینے سے زیادہ بہتر معلومات ملی ہیں۔