کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ فتح کی لائن کو کراس کرنا ہوگا، ٹیم کے نتائج ٹیلنٹ کے عکاس نہیں۔ دوسرے ٹیسٹ کیلئے حتمی الیون کا فیصلہ دوبارہ وکٹ دیکھ کر طے کریں گے۔ وکٹ سنچورین سے مختلف ہے، گھاس تھوڑا کم ہے۔ پیسرز کا تھوڑا بہت کردار ضرور ہوگا، ہم دیکھیں گے کہ اسپشلسٹ اسپنرز کے ساتھ جائیں یا وہی کامبی نیشن رکھیں۔ جمعرات کو پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ عامر جمال ٹیسٹ ٹیم کا ایک اہم کردار ہے ۔ سنچورین میں اس کو زیادہ موقع نہیں مل سکا۔ امید ہے کہ وہ کیپ ٹائون میں زیادہ بولنگ کریں گے، ہر روز ایسا نہیں ہوسکتا کہ عباس یا کوئی ایک بولر لگاتار 20 اوورز کرائے۔ دریں اثنا پی سی بی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کپتان نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم ٹریک پر آئی ہے ۔ بنگلہ دیش سے ٹیسٹ سیریز کی شکست افسوسناک تھی، جنوبی افریقا میں آخری ٹیسٹ جیتنے کی کوشش کریں گے ۔ سال بھر میں جو بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا نیا سائیکل شروع ہوگا، فریش ذہن کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔