کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے کیپ ٹائون ٹیسٹ کا پہلا دن بری خبر لے کر آیا، اسٹار اوپنر صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران ان فٹ ہوگئے، شارٹ تھرڈ مین باؤنڈری پر گیند کا پیچھا کرنے کی کوشش میں ان کا ٹخنہ مڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق جہاں انہیں چار سے چھ ہفتے تک کا آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔وہ میچ سے باہر ہوگئے، چیمپئنز ٹرافی میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔ پی سی بی کے مطابق پاکستانی بیٹر کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کے ٹیسٹ کیے گئے۔ جمعہ کو انہیں میدان پر فوری طبی امداد فراہم کی گئی تاہم انہیں چلنے میں مشکل پیش آرہی تھی، سہارے سے میدان سے باہر لے جایا گیا تھا۔