اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے واضح کیاہے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم یہ یکطرفہ نہیں ہو سکتا ‘بنگلا دیش ہمارا بچھڑا ہوا بھائی ہے‘ ان سے ہر طرح کا تعاون کریں گے‘جلدوہاں کا دورہ کروں گا‘افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن جب بھی دورۂ کابل پلان کرتے ہیں تو دہشتگردی کے معاملات آجاتے ہیں ‘ایٹمی پاکستان کو معاشی طاقت بنانے کی کوششیں جاری ہیں‘ پاکستان میں تقریباً 29 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اشارے ملے ہیں، پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی سے قومی فضائی کمپنی کو 87 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔جمعرات کو دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحق ڈارکا کہناتھاکہ سفارتی تنہائی کا تاثر اڑ چکا‘ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے‘ مہنگائی پر قابو پا لیا‘ اب دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے بھی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں‘بجلی کے بلوں پر عوام کو ریلیف دیا گیا ہے۔