اسلام آباد (صالح ظافر) دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نےیوم تخت نشینی کو شاندار انداز میں منایا جس میں خصوصی دن کو اپنی معزز اہلیہ کو پیار بھرے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وقف کیا، جنہیں انہوں نے عزت سے شیخہ ہند بنت مکتوم کہا اور اپنی زندگی کی ’’سب سے خوبصورت چیز‘‘، ان کا ’’سب سے بڑا حامی‘‘، اور ’’دبئی کی روح‘‘، ’’زندگی میں ساتھی اور خیر خواہ‘‘ اور ’’شیخوں کی ماں‘‘ قرار دیا۔ انیس سال قبل 4 جنوری 2006 کو شیخ محمد بن راشد المکتوم دبئی کے حکمران بنے لیکن عاجز رہنما کے لیے4 جنوری ان کے بارے میں نہیں ہے۔ دل چھولینے والے جذبے کے ساتھ اس سال وہ اپنی اہلیہ کے اعزاز میں خصوصی دن منا رہے ہیں۔ شیخ محمد بن راشد، جو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور وزیر اعظم بھی ہیں، نے کہا کہ شیخہ ہند سب سے زیادہ رحم دل، فیاض اور خیراتی لوگوں میں سے ایک ہیں۔ وہ میرے گھر کا ستون ہے، میرے خاندان کی بنیاد ہے، اور میرے پورے کیریئر میں میری سب سے بڑی حامی ہے۔ شیخ محمد نے اپنی اہلیہ کے لیے شکرگزاری کا اظہار کیا اور خدا سے دعا کی کہ وہ ’’ان کی محبت‘‘ کو زندہ رکھے۔ انہوں نے کہا ’’میری سب سے بڑی خواہش، ہند، یہ ہے کہ خدا آپ کی حفاظت کرے، آپ کو خوش رکھے ۔۔۔ آپ زندگی کی شروعات ہیں اور اس میں سب سے خوبصورت چیز ہیں۔ آپ دبئی کی روح، اس کی نبض اور اس کی خوشی ہیں۔‘‘ شاعری سے اپنی محبت کے لیے مشہور، شیخ محمد بن راشد نے شیخہ ہند کے لیے ایک دلکش تخلیق شیئر کی۔ عربی نظم کو پڑھا ’’میرے لیے آپ جیسا کوئی نہیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ کچھ بھی ہو جائے، آپ ہمیشہ ایک جیسی رہیں گی، انسانوں میں سب سے قیمتی ہیں۔آپ میرا پہلا خواب ہیں، آپ کے نام کے حروف میرے دل میں ایک راز ہیں۔‘‘ شیخ محمد نے اپنی محبت کا نوٹ سمیٹتے ہوئے ہر ایک سے کہا کہ ان لوگوں کے ساتھ وفادار بنو جو وفاداری کے مستحق ہیں۔۔۔ راستے میں ہمارے ساتھی کے ساتھ وفاداری ۔۔۔ اور اس زندگی میں ہمارا تعاون۔ سرکاری انسٹاگرام ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں اس دن کو ان کی اہلیہ شیخ ہند بنت مکتوم کے نام وقف کیا گیا۔ شیخ محمد بن راشد نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہند ہمدردی، سخاوت، اور غیر متزلزل خیرات کی علامت ہے۔ وہ ہمارے گھر کا دل ہے، ہمارے خاندان کی بنیاد ہے، اور میرے پیشہ وارانہ سفر کا رہنما ستارہ ہے۔ انہوں نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کی اہلیہ شیخہ ہند بنت مکتوم بن جمعہ المکتوم کے اعزاز میں ’’شکریہ شیخہ ہند‘‘ مہم متعارف کرائی۔ یہ مہم شیخہ ہند کے نمایاں کارناموں، ان کی سخاوت، اور اماراتی خاندانی اقدار کو فروغ دینے، سماجی اتحاد کو بڑھانے، اور اپنے بچوں کی پرورش میں والدین کی مدد کرنے میں ان کے بااثر کردار کو اجاگر کرتی ہے۔ مختلف اقدامات میں ان کی قیادت نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو مثبت انداز میں بدل دیا ہے۔ خوبصورت مناظر پر مشتمل شاعری اور ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔