کراچی (رفیق مانگٹ) جب فلم نگری میں دو کامیاب ، باصلاحیت اور حسین افراد شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں تو دولت کی بارش ان پر کھل کربرستی ہے، ایسے ہی بالی ووڈ کے چند امیر ترین جوڑوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ بالی ووڈ کی امیر ترین جوڑی شاہ رخ خان اور گوری خان کی ہے ،ان کی شادی اکتوبر1991میں ہوئی۔ اس جوڑے کی مجموعی دولت2کھرب65ارب55کروڑ روپے (8096کروڑ بھارتی روپے) سے زیادہ ہے۔ بالی وڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھر جی نےمعروف فلم ساز یش راج کے بیٹے آدیتیہ چوپڑا سے 2014میں اٹلی میں شادی کی۔اس جوڑے کی مجموعی دولت2کھرب42ارب72کروڑ روپے( 7400 کروڑ بھارتی روپے) ہے۔اداکار انیل کپور کی بیٹی سونم کپور کی شادی مئی2018میں بزنس مین آنند آہوجا سے ہوئی اس جوڑے کی مجموعی دولت ایک کھرب 60ارب72کروڑ روپے(4900کروڑ بھارتی روپے) ہے۔اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی جوڑیوں میں سے ایک ہیں۔ 2001میں ان کی شادی ہوئی،ان کی مجموعی دولت تقریباً ایک کھرب16ارب18کروڑ روپے(3542 کروڑ بھارتی روپے) ہے۔ بالی ووڈ کے شاہی جوڑےسیف علی خان اور کرینہ کپور کی 2012میں شادی ہوئی۔ سیف علی خان پٹودی خاندان کے سربراہ بھی ہیں۔ اس جوڑے کی مجموعی دولت 54ارب 71کروڑ روپے(1668کروڑ بھارتی روپے )سے زیادہ ہے۔ اداکاری کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی جون 1973 کو ممبئی میں ہوئی تھی اس جوڑے کی مجموعی دولت51ارب76کروڑ روپے( 1578کروڑ بھارتی روپے) ہے۔ویرات اور انوشکا انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے مقبول ترین جوڑوں میں سے ایک ہیں۔ یہ جوڑا پہلی بارایک شیمپو کمرشل پر ملا اس کے بعد2017سے یک جاں دوقالب ہوگئے، ویرات ایک کامیاب کرکٹر اورانوشکا شرما ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں اس جوڑے کی مجموعی دولت 42ارب 64کروڑ روپے(1300کروڑ بھارتی روپے )سے زیادہ ہے۔ دیپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ بالی ووڈ کے کامیاب ترین جوڑوں میں سے ایک ہیں۔ ان کی شادی 2018میں ہوئی، ان کی مجموعی دولت24ارب40کروڑ روپے( 744کروڑ بھارتی روپے) ہے۔ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے بچن کی شادی 2007میں ہوئی ، کافی عرصہ سے ان کی علیحدگی کی قیاس آرائیاں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، انہوں نے تصدیق کی نہ ہی تردید۔ ان کی مجموعی دولت 33ارب روپے( 1006 کروڑ بھارتی روپے ) ہے ۔ رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بالی ووڈ کا طاقتور جوڑا ہے،ان کی شادی2022میں ہوئی،ا ن کی مجموعی دولت تقریباً 23ارب62کروڑ روپے( 720 کروڑ بھارتی روپے )ہے۔