کراچی (نیوز ڈیسک) بائیڈن کا اسرائیل کو 8 ارب ڈالر(22کھرب 24ارب پاکستانی روپے)کے ہتھیار فروخت کرنیکا منصوبہ، دفتر چھوڑنے سے قبل امریکی صدر نے قریبی اتحادی کیلئے حمایت کا فوری مظاہرہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جو بائیڈن کی انتظامیہ نے عارضی طور پر اسرائیل کے لیے 8 ارب ڈالر کے نئے ہتھیاروں کی منظوری دے دی ہے اور یہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی بربریت کو ایک سال گزر چکا ہے اور بائیڈن دفتر چھوڑنے والے ہیں۔ اس معاملے سے آگاہ دو افرا کے مطابق محکمہ خارجہ نے جمعہ کو دیر گئے کانگریس کو اس فروخت کا انکشاف کیا جسے ایک غیر رسمی اطلاع کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس طرح کا نوٹیفکیشن کسی ڈیل کے عوامی اعلان سے پہلے آتا ہے، جس پر عمل کرنے سے پہلے سینیٹ اور ہاؤس کی خارجہ تعلقات کی کمیٹیوں کی منظوری درکار ہوگی۔