اسلام آباد( طاہر خلیل) خواتین کو ہراسگی سے بچانے کے حوالے سے ایک ماں کی منفرد سوچ بیکی بٹن کی صورت میں گلوبل مہم بن گئی،خواتین کو عوامی مقامات پر تحفظ فراہم کرنے اور ہراسگی سے بچاؤ کے حوالے سے بیکی بٹن (ہنگامی الارم) انتہائی معاون ثابت ہو رہا ہے بیکی بٹن ایک گلوبل مہم ہے جس کا افتتاح وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے کیا تھا،بیکی بٹن کا مقصد خواتین کو تحفظ فراہم کرنا اور ہراسیت سے بچانا ہے بیکی بٹن ایک ہنگامی الارم ہے جس کے پیچھے ایک درد کی داستاں پوشیدہ ہے لبنان میں ایک تیس سالہ نوجواں لڑکی ربیکا کو ایک ٹیکسی ڈرائیور نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد2017 میں قتل کر دیا اس واقعہ نے ربیکا کی والدہ جین ہونگ کو انتہائی رنجیدہ اور فکرمند کر دیا کہ کس طرح بچیوں کو پبلک مقامات پر محفوظ رکھا جا سکتا ہے دن رات کے تفکر کے بعد انہوں نے ایک چھوٹا سا ہنگامی الارم تیار کیا جسے انہوں نے اپنی بیٹی ربیکا(نک نیم بیکی) سے منسوب کیا اور پھر کالجز اور تعلیمی اداروں میں بچیوں کو یہ بٹن دیا تاکہ جب وہ خود کو خطرے میں گھرا محسوس کریں تو بٹن کو دبا دیں بٹن دبانے سے ایک ہنگامی الارم بجنا شروع کردیتا ہے جس سے لوگ متوجہ ہوتے ہیں اور بری نظر یا حرکت کرنیوالے خوفزدہ ہو جاتے ہیں ،اس حوالے سے وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت کا کہنا ہے کہ بچیوں کے وقار اور تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ انہیں ساز گار ماحول فراہم کیا جائے، کام کی جگہ پر ہراسانی اور صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کیلئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں ۔