نئی دہلی ( جنگ نیوز) سابق انگلینڈ کپتان مائیکل وان نے ہفتہ کو کمنٹری کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلیا کو میزبانی کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیل لیں۔ مائیکل وان نے تسلیم کیا کہ بھارت اور پاکستان کے میچز میں سیاست کا عمل دخل ہوتا ہے، لیکن انہوں نے اپنی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی ایونٹس میں آمنے سامنے آتی ہیں۔"میں بھارت اور پاکستان کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلتے دیکھنا پسند کروں گا۔ وہ ورلڈ کپ یا چیمپئنز ٹرافی میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں۔ میں انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں مدمقابل دیکھنا چاہتا ہوں۔ وہ بھارت میں نہیں کھیل سکتے۔ وہ پاکستان میں نہیں کھیل سکتے۔ تو ایک غیرجانبدار مقام پر کھیلیں۔ یہاں آسٹریلیا یا برطانیہ میں۔ اس کے لیے زبردست حمایت ہوگی۔