کوئٹہ(پ ر)بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ اور چئیرمین ایگزیکٹیو کمیٹی امان اللہ خان کاکڑ نے مشترکہ بیان میں گوادر میں آل پارٹیز کے جاری دھرنا کی حمایت اور حکومت کے رویئے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر کے عوام اپنے حقوق کیلئے سراپا احتجاج ہیں ، گوادر اور اس سے منسلک اضلاع کے عوام کا ذریعہ معاش بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے جسے بند کرنا عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے ، دوسری جانب گوادر میں غیرقانونی ٹرالنگ سے ماہی گیروں کا معاشی قتل جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اور سی پیک میں مقامی لوگوں کو روزگار دینے کی بجائے غیرمقامی لوگ بھرتی کئے گئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وہاں کے مقامی لوگوں کو مالکانہ حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک دنیا کا بڑا پراجیکٹ ہے لیکن گوادر کے عوام جدید دور میں بجلی ، روڈ ، صاف پانی اور گیس سے محروم ہیں ، سی پیک کے نام پر ہزاروں نوجوانوں کو اسکالرشپ دیا گیا لیکن ان میں گوادر یا بلوچستان سے کوئی بھی شامل نہیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور آل پارٹیز گوادر کے تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں ۔