غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینی شہری کے جنازے پر غم سے نڈھال بیٹے کی ویڈیو کو دیکھ کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کی غزہ میں جارحیت جاری ہے، قابض فوج روزانہ نہتے فلسطینیوں پر گولیاں اور بم برسارہی ہے، 15 مہینوں میں 45 ہزار سے زائد شہریوں کو شہید کردیا ہے۔
ایسے ہی ایک معصوم فلسطینی بچے کی باپ کے جنازے پر ایک دردناک ویڈیو سامنے آئی ہے، جس کے والد غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معصوم بچہ اپنے باپ کے جنازے پر دھاڑیں مار مار کر رو رہا ہے اور مسلسل اسے پکار رہا ہے، جبکہ اس دوران کچھ لوگ اسے دلاسہ دے رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج نے 34 فضائی حملوں میں 71 افراد کو شہید کردیا ہے، جسے ہولناک جرم قرار دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے کم از کم 45,581 فلسطینی شہید اور 108,438 زخمی ہو چکے ہیں۔