کراچی(آئی این پی )کراچی میں شاہراہ فیصل نرسری کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے گاڑی پرفائرنگ کرکے کاروباری شخص کو زخمی کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شہری کوکسی سے 9 کروڑ روپے لینے تھے،واپسی کے تقاضے پر اسے فون پر دھمکی آمیز پیغامات مل رہے تھے۔ پولیس کے مطابق اتوارکی صبح ٹیپو سلطان تھانے کے علاقے شاہراہ فیصل نرسری کے قریب شیل پیٹرول پمپ والی گلی میں 2 موٹرسائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی شہری کی شناخت 40 سالہ محمد فراز خان ولد محمد خان کے نام سے کی گئی۔ زخمی شہری پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی بلاک 6 کا رہائشی اور ہوٹل کا کاروبار کرتا ہے، ایس ایس ایچ اوٹیپو سلطان انسپکٹر طارق نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ لین دین کے تنازع پرپیش آیا۔ایس ایچ اونے بتایا کہ زخمی شہری کو ایک گولی گال پر لگی، پولیس نے جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خول برآمد کرلئے، اطراف میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں، پولیس نے زخمی شہری کا بیان بھی قلمبند کرلیا ہے۔