حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ پی پی پی اور نواز لیگ مل کر نہ صرف سندھ کے لوگوں سے ان کی روزگار کا ذریعہ دریائے سندھ چھین رہی ہیں بلکہ سندھ کی زمینوں پر قبضہ کرکے سندھ کے لوگوں سے ان کی سرزمین بھی چھیننے کی کوشش کر رہی ہیں۔نہروں کے منصوبوں کے خلاف ایس ٹی پی کی جانب سے 7جنوری کو بدین ضلع سے سندھو بچائوآگاہی مہم شروع کی جائے گی، ساری سندھ میں بھرپور مہم چلائی جائے گی، عوام کو بیدار کیا جائے گا اور سیاسی عوامی جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو شکست دی جائے گی اور سندھ کو کامیاب بنایا جائے گا۔ سندھ کے لوگوں کو اب بیدار ہونا ہوگا، دوست اور دشمن کو پہچاننا ہوگا۔ اگر سندھ کی قوم اپنی سرزمین، وسائل اور حدود کے لیے نہ جاگے تو سندھ فلسطین بن جائے گا۔دریائے سندھ پر نہروں کے منصوبے کے خلاف سندھ ترقی پسند پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔