کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صدر پولیس نے نوجوان کے قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں چار دوستوں کو حراست میں لے کر سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ۔ پولیس کے مطابق سبزل روڈ کے علاقے مسلم آباد کے رہائشی فیض اللہ ولد جلات خان نے صدر تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی کہ میرا 21سالہ نوجوان بیٹا احمد اللہ دو جنوری جمعرات کی شام کو گھر سے باہر گیا اور کچھ دیر بعد اس نے فون پر بتایا کہ میں رات کو گھر دیر سے آؤنگا دوستوں نے دعوت کی ہے میرا بیٹا رات کو گھر نہیں آیا جمعہ کی صبح محلے کا نوجوان عبدالواحد جو میرے بیٹے کا دوست بھی ہے میرے گھر آیا اور بتایا کہ ہم پانچ دوست عزت اللہ آغا ٗ علی احمد شاہ ٗ کلیم اللہ اور احمد اللہ ایک کمرے میں تھے کہ کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں احمد اللہ زخمی ہو گیا ہے۔ رپورٹ میں فیض اللہ نے مزید بتایا کہ اس نوجوان کے ہمراہ رکشے میں سی پیک روڈ کھیتی پہنچا تو میرے بیٹے کی لاش کچے کمروں کے قریب میدانی میں پڑی ہوئی تھی جسے ہسپتال پہنچایا میرے بیٹے کے جس پر زخم کے نشانات ہیں مجھے شبہ ہے کہ اس کے چاروں دوستوں نے میرے بیٹے کو قتل کیا ہے صدر پولیس نے مقدمہ درج کر کےچاروں دوستوں کو حراست میں لے کر کیس سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ منتقل کر دیا جہاں حراست میں لئے گئے چاروں دوستوں سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔